
خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے غذائی اور کیمیائی دہشت گردی میں ملوث مصنوعی دودھ تیار کرنے والی فیکٹری کے خلاف بڑی کارروائی مکمل کرلی۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ کارروائی ہری پور کے حطار انڈسٹریل زون میں خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس کی نگرانی ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے خود کی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں مصنوعی اور مضر صحت دودھ بڑے پیمانے پر تیار کیا جا رہا تھا، جو روزانہ تقریباً 1 لاکھ لیٹر کے حساب سے اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر بڑے شہروں کو سپلائی کیا جاتا تھا۔ کارروائی کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی مشینری اکھاڑ کر ضبط کرلی گئی جبکہ فیکٹری کو مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
فوڈ اتھارٹی کے مطابق فیکٹری مالکان کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائی جاری ہے اور اس معاملے میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل واصف سعید نے کہا کہ غذائی دہشت گردی کرنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، کیونکہ ایسے گھناؤنے کاروبار انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ایسے غیر قانونی اور صحت دشمن کاروبار کی فوری اطلاع فوڈ اتھارٹی کو دیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سہیل خان آفریدی کے وژن اور چیف سیکرٹری شہاب علی کے واضح احکامات کے مطابق صوبے بھر سے غذائی دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
![]()