
پشاور (جنرل رپورٹر) آر ایم آئی میڈیا کرکٹ لیگ کے افتتاحی میچز جمخانہ کرکٹ گراؤنڈ پشاور میں شاندار انداز میں منعقد ہوئے۔ افتتاحی تقریب میں صحافیوں اور مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ پریس کلب کی مختلف ٹیموں نے دلچسپ مقابلوں میں حصہ لیا۔افتتاحی روز کھیلے گئے پہلے میچ میں PPC مارخور نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے PPC لائن کو 67 رنز سے شکست دی۔ مارخور کی جانب سے وسیم اور یاسر نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 36 اور 37 رنز اسکور کیے۔
دوسرے میچ میں PPC زلمی نے PPC شارکس کو شکست دے کر کامیابی اپنے نام کی۔ عمدہ باؤلنگ پر وسیم کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔تیسرے میچ میں PPC چیتا نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے میدان مار لیا، جبکہ شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس پر واجد شہزاد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔چوتھے میچ میں PPC قبائل نے PPC اسٹارز کو مات دے کر کامیابی حاصل کی، اور عمدہ بیٹنگ کارکردگی پر شاہ فیصل مین آف دی میچ قرار پائے۔ میدان کے اندر اور باہر صحافیوں کی بڑی تعداد کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتی رہی۔


تقریب سے خطاب میں سیکرٹری اطلاعات خیبر پختونخوا محمد بختیار خان نے کہا کہ میڈیا کرکٹ لیگ جیسے صحت مند اور مثبت ایونٹس نہ صرف صحافیوں میں باہمی ہم آہنگی بڑھاتے ہیں بلکہ ٹیم ورک، اعتماد اور کھیلوں کے فروغ کا جذبہ بھی پروان چڑھاتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ محکمہ اطلاعات صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ایسی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
سیکرٹری اطلاعات نے مین آف دی میچ کھلاڑیوں میں ایوارڈز تقسیم کیے، جبکہ پشاور پریس کلب کی جانب سے مہمانِ خصوصی اور دیگر معزز مہمانوں کو خصوصی شیلڈز پیش کی گئیں۔تقریب میں ڈی جی انفارمیشن محمد عمران، پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض، سینیئر صحافی شمیم شاہد، سپورٹس کمیٹی کے چئیرمین عرفان موسیٰ زئی، جنرل سیکرٹری طیب عثمان، خیبر یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری ارشاد علی سمیت دیگر صحافیوں نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ آر ایم آئی میڈیا کرکٹ لیگ پشاور پریس کلب کے زیر اہتمام منعقد کی جا رہی ہے، جس میں مجموعی طور پر 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور یہ میگا ایونٹ 20 روز تک جاری رہے گا۔
![]()