
پشاور (مدثر زیب سے) پشاور پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں یونائٹڈ الائنس نے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے اہم عہدوں پر کامیابی حاصل کر لی۔ صدر کی نشست پر یونائٹڈ الائنس کے امیدوار ایم ریاض کامیاب قرار پائے، جبکہ جنرل سیکرٹری، نائب صدر اور جوائنٹ سیکرٹری کے عہدوں پر بالترتیب عالمگیر خان، ضیا الحق اور گلزار محمد خان منتخب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور پریس کلب کے سالانہ انتخابات کے سلسلے میں ہفتے کے روز پریس کلب کی عمارت میں پولنگ کا عمل مکمل ہوا۔ نتائج کے مطابق صدر کی نشست پر ایم ریاض نے آزاد امیدوار انیلہ شاہین کو شکست دی۔ جنرل سیکرٹری کی اہم نشست پر یونائٹڈ الائنس کے عالمگیر خان نے سخت مقابلے کے بعد جرنلسٹس یونٹی کے امیدوار طیب عثمان کو ہرایا۔
اسی طرح نائب صدر کی نشست پر یونائٹڈ الائنس کے ضیا الحق کامیاب رہے، جبکہ فنانس سیکرٹری کے عہدے پر جرنلسٹس یونٹی کے ارشاد علی خان نے کامیابی حاصل کی۔ جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر بھی یونائٹڈ الائنس کے گلزار محمد خان کامیاب قرار پائے۔
گورننگ باڈی کی دس نشستوں کے نتائج کے مطابق یونائٹڈ الائنس کے شمیم شاہد، ناصر حسین، سیف الاسلام سیفی، ابراہیم خان اور عارف یوسفزئی کامیاب ہوئے، جبکہ جرنلسٹس یونٹی کے عرفان موسیٰ زئی اور شہزادہ فہد نے بھی کامیابی حاصل کی۔
واضح رہے کہ ایم ریاض مسلسل دوسری بار جبکہ مجموعی طور پر چھٹی بار پشاور پریس کلب کے صدر منتخب ہوئے ہیں، جس پر صحافتی حلقوں کی جانب سے انہیں مبارکباد دی جا رہی ہے۔
![]()