

پشاور (عبدالصمد) – سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام بے نظیر وومن یونیورسٹی میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ایس پی ہیڈکوارٹرز ارباب شفیع اللہ جان، ٹریفک ایجوکیشن ٹیم، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سیمینار کے دوران ایس پی ہیڈکوارٹرز ارباب شفیع اللہ جان اور ان کی ٹیم نے طلبہ کو روڈ سیفٹی، زیبرا کراسنگ، سیٹ بیلٹ کے استعمال کے فوائد، ڈرائیونگ کے اصول اور احتیاطی تدابیر سے متعلق مفصل آگاہی فراہم کی۔
ارباب شفیع اللہ جان نے کہا کہ دورانِ سفر سیٹ بیلٹ کے استعمال سے ٹریفک حادثات اور جانی نقصان میں واضح کمی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سٹی ٹریفک پولیس مختلف اداروں میں جا کر طلبہ و طالبات کو ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی دیتی ہے تاکہ شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنائی جا سکیں۔
چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ دورانِ ڈرائیونگ ہمیشہ سیٹ بیلٹ باندھیں، لائن ڈسپلن کا خیال رکھیں اور موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین کی عملداری ہی حادثات پر قابو پانے کا مؤثر ذریعہ ہے، جبکہ منظم ٹریفک کسی بھی مہذب معاشرے کی پہچان ہوتی ہے۔
ہارون رشید خان نے اس بات پر زور دیا کہ پیشہ ورانہ تربیت ہر ڈرائیور کو کسی بھی ہنگامی یا درپیش صورتحال کا بہتر طور پر سامنا کرنے کے قابل بناتی ہے، اور ٹریفک قوانین کی پاسداری ہی حادثات میں کمی اور انسانی جانوں کے تحفظ کی ضمانت ہے۔
![]()