
پشاور (عبدالصمد) ایکسائز اینٹیلیجنس بیورو پشاور نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے عمرہ کی آڑ میں آئس سعودی عرب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران ملزم کے جسم اور جوتوں سے بڑی مقدار میں آئس برآمد کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پراوینشل انچارج ایکسائز اینٹیلیجنس بیورو سعود خان گنڈاپور کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ بیرونِ ملک آئس سمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اطلاع کی تصدیق کے بعد انچارج نے انسپکٹر معظم جان خان اور سب انسپکٹر حمزہ شاروم خان پر مشتمل ٹیم کو فوری کارروائی کا حکم دیا۔
ایکسائز ٹیم نے اطلاع کے مطابق پیر زکوڑی پل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے اعجاز احمد ولد نور محمد ساکن رحیم یار خان کو حراست میں لیا۔ دورانِ تلاشی ملزم کی چپلوں میں چھپائی گئی 330 گرام آئس برآمد ہوئی۔
بعد ازاں ملزم کو لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کیا گیا، جہاں میڈیکل عملے کی مدد سے ملزم کے پیٹ سے نگلے گئے آئس سے بھرے متعدد کیپسول بھی برآمد کیے گئے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم ملتان جا رہا تھا، جہاں سے وہ عمرہ کی آڑ میں مکہ، سعودی عرب کے لیے روانہ ہونا چاہتا تھا۔ ایکسائز حکام کے مطابق ملزم کے نیٹ ورک کے خلاف تفتیش جاری ہے اور قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ایکسائز پشاور ریجن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
![]()