
محکمہ ایکسائز کے سیکریٹری خالد الیاس اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز عبدالعلیم خان کی خصوصی ہدایات پر صوبے بھر میں منشیات فروشوں، ڈیلروں اور سہولت کاروں کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔نوشہرہ میں عجب باغ چیک پوسٹ پر تھانہ ایکسائز مردان اور ایکسائز انٹیلی جنس بیورو کی مشترکہ بڑی کارروائی کے دوران خفیہ معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے ہزارہ ریجن کے تعلیمی اداروں کے طلباء کو آئس سپلائی کرنے والے دو اسمگلر رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیے گئے۔کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت عاصم شاہ ولد مبارک شاہ اور قاصم علی ولد محمد نصیر ساکنان مانسہرہ کے نام سے ہوئی، جن کے قبضے سے 6000 گرام آئس برآمد کی گئی۔ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (کاؤنٹر نارکوٹکس آپریشنز) ماجد خان کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ مذکورہ ملزمان ہزارہ ریجن کے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرتے ہیں۔ اطلاع کی تصدیق اور ریکی کے بعد ماجد خان کی سربراہی میں ناصر اقبال خان (سرکل آفیسر) اور شکیل خان (ایس ایچ او تھانہ ایکسائز) کے زیر نگرانی ٹیم نے لال گل خان، اجمل لودھی انسپکٹر اور دیگر نفری کے ہمراہ عجب باغ چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کی۔کارروائی کے دوران مخبر شدہ گاڑی نمبر AHE-018 کو روک کر تلاشی لی گئی جس سے بھاری مقدار میں آئس برآمد ہوئی۔ دونوں ملزمان کو موقع پر گرفتار کرکے تھانہ ایکسائز مردان میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔اس موقع پر سعود خان گنڈاپور، پراوینشل انچارج ایکسائز انٹیلیجنس بیورو بھی موجود تھے۔
![]()