پشاور (عبدالصمد سے) — گورنر ہاؤس پشاور آج سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا، جہاں خیبر پختونخوا کے صوبائی وزراء نے ایک شاندار تقریب میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزراء سے حلف لیا، جبکہ وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی اور اسپیکر بابر سلیم سواتی سمیت اعلیٰ حکام اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب میں صوبے کے انتظامی سربراہان، سیاسی شخصیات اور اہم افسران کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جس سے گورنر ہاؤس پشاور سیاسی توانائی اور جوش و خروش کا منظر پیش کر رہا تھا۔
بحیثیت صوبائی وزیر حلف اٹھانے والوں میں مینا خان آفریدی، ارشد ایوب خان، امجد علی، آفتاب عالم آفریدی، فضل شکور خان، خلیق الرحمن، ریاض خان، سید فخر جہان، عاقب اللہ خان اور فیصل خان شامل ہیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے نومنتخب وزراء کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی کابینہ صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی نئی 13 رکنی کابینہ میں صرف شفیع جان نیا چہرہ ہیں، جب کہ باقی 12 وزراء پہلے بھی علی امین گنڈاپور اور محمود خان کی کابینہ میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ خود وزیراعلیٰ سہیل آفریدی بھی سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی کابینہ کے رکن رہ چکے ہیں — یوں یہ کابینہ تجربہ اور تسلسل کا امتزاج قرار دی جا رہی ہے۔
![]()