
پشاور ہائی کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس، پولیس اور این ایچ اے کو اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئیں
پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں انڈس ہائی وے پر ٹریفک کے نظم و نسق، لوڈ مینجمنٹ اور حادثات کی روک تھام کیلئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ عباس مجید مروت، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA)، نیسپاک، پروونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے افسران، اور پشاور، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژنز کے کمشنرز، آر پی اوز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اجلاس میں پشاور ہائی کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد سے متعلق پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ عدالت کی ہدایت پر کمشنر کوہاٹ ڈویژن کو انڈس ہائی وے پر فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے جو ٹریفک نظم و ضبط اور لوڈ مینجمنٹ کے اقدامات کی نگرانی کرے گا اور عدالت کو باقاعدگی سے رپورٹ پیش کرے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پولیس ٹریفک قوانین کے نفاذ، پٹرولنگ اور نظم و نسق کے معاملات میں کمشنرز کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ این ایچ اے کو ہدایت کی گئی کہ وہ انڈس ہائی وے کے تمام داخلی مقامات پر وزن کانٹے فوری طور پر نصب کرے تاکہ اوور لوڈ گاڑیوں کو شاہراہ پر داخل ہونے سے روکا جا سکے۔اوورلوڈ گاڑیوں کے خلاف بھاری جرمانے، وزن ان لوڈ کرنے اور روٹ پرمٹ و ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کرنے کے اقدامات بھی نافذ کیے جائیں گے۔ اجلاس میں موٹر وے پولیس کی فوری تعیناتی کی سفارش بھی کی گئی جبکہ ڈرائیورز کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ غلط سمت میں گاڑی نہ چلائیں۔مزید برآں، این ایچ اے کو انڈس ہائی وے کی مرمت، بحالی، یوٹرنز اور سائن بورڈز کی تنصیب کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت کی گئی تاکہ شاہراہ کو محفوظ اور بہتر بنایا جا سکے۔کمشنر کوہاٹ سید معتصم باللہ شاہ نے اس موقع پر کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد حکومت کی ترجیح ہے۔ انڈس ہائی وے پر محفوظ سفر اور عوام کے جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے جس کے لیے تمام ادارے باہمی تعاون سے کام کریں گے۔
![]()