حبیب روزانہ کی دیہاڑی پر مزدوری کرتا تھا اور غریب گھرانے کا واحد کفیل ہے، اہل خانہ
پشاور(کرائم رپورٹر) پشاور کے علاقہ چغل پورہ، عنایت گڑھی سے جوانسال شخص لاپتہ ہو گیا۔ اہل خانہ و مقامی لوگوں کے مطابق حبیب روزانہ کی دیہاڑی پر مزدوری کرتا تھا اور غریب گھرانے کا واحد کفیل ہے۔ لواحقین نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ نوجوان حبیب کو مبینہ طور پر سفید رنگ کی XLI گاڑی میں سوار وردی میں ملبوس اہلکار 25 روز قبل اپنے ساتھ لے گئے جس کے بعد سے اب تک اس کی کوئی خبر نہیں مل سکی۔ نوجوان کی گرفتاری یا موجودگی کے بارے میں کسی بھی تھانے یا ادارے نے تاحال کوئی تصدیق نہیں کی۔لواحقین کا کہنا ہے کہ اگر پولیس نے قانونی طور پر گرفتار کیا ہوتا تو کم از کم یہ بتایا جاتا کہ وہ کس تھانے یا کس جرم میں زیر حراست ہے، لیکن 25 دن گزرنے کے باوجود مکمل خاموشی نے ان کی پریشانی کو دوچند کر دیا ہے۔ لواحقین کو خدشہ ہے کہ یا تو وہ حراست میں ہے یا وردی میں ملبوس اغوا کاروں کے ہاتھ لگا ہے۔اہل خانہ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سُہیل آفریدی نے واضح احکامات جاری کیے تھے کہ کسی بھی شہری کو بغیر قانونی طریقہ کار کے گرفتار نہیں کیا جائے گا، مگر اس کے باوجود حبیب کی گمشدگی نہ صرف ان ہدایات کی خلاف ورزی ہے بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر سوالیہ نشان بھی ہے۔غریب لواحقین نے وزیر اعلیٰ،سی سی پی او پشاور اور ایس ایس پی آپریشنز سے فوری نوٹس لینے، حبیب کی بازیابی اور واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ اہل محلہ اور مقامی لوگوں نے بھی واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے اپیل کی ہے کہ غریب خاندان کے اس حال پر رحم کیا جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے