ریزرویشن آفس، بکنگ آفس، پارسل آفس، ویٹنگ رومز اور مسافروں کیلئے دستیاب سہولیات کا جائزہ
پشاور(مدثر زیب سے) وفاقی محتسب اسلام آباد اعجاز قریشی کی خصوصی ہدایت پر ریجنل ہیڈ برائے وفاقی محتسب محمد مشتاق جدون اور ڈپٹی ایڈوائزر محمد عالم زیب نے پشاور کینٹ ریلوے سٹیشن کا تفصیلی دورہ کیا۔کینٹ ریلوے سٹیشن پہنچنے پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پشاور فرمان غنی نے ڈویژنل افسران کے ہمراہ ریجنل ہیڈ محمد مشتاق جدون کا خیرمقدم کیا۔ ڈی ایس پشاور نے ریجنل ہیڈ کو پشاور کینٹ ریلوے سٹیشن پر ٹرینوں کی آمد و رفت، مسافروں کے لئے دستیاب سہولیات، انتظامی امور اور مسافروں کی سہولت کیلئے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔مشتاق جدون نے ریلوے سٹیشن کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے ریزرویشن آفس، بکنگ آفس، پارسل آفس، ویٹنگ رومز اور مسافروں کیلئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ مشتاق جدون نے پشاور تا کراچی چلنے والی رحمان بابا ایکسپریس کے ریک کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ٹرین میں سفر کرنے والے مسافروں سے ملاقات کی، ان سے ریلوے خدمات، ٹکٹوں کے حصول اور دیگر سہولیات کے حوالے سے رائے لی۔مسافروں نے مجموعی طور پر ریلوے انتظامیہ کی کارکردگی اور دستیاب سہولیات پر اطمینان اور مثبت رائے کا اظہار کیا جس پر مشتاق جدون نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پشاور فرمان غنی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ریلوے انتظامیہ اسی جذبے کے ساتھ عوام کو مزید بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔


![]()