پشاور پریس کلب کے میگا اسپورٹس ایونٹ میڈیا کرکٹ لیگ (ایم سی ایل 2025ء) کے انتظامات کے حوالے سے پریس کلب اسپورٹس کمیٹی کا اہم اجلاس چیئرمین سپورٹس کمیٹی عرفان موسیٰ زئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ظفر اقبال، عاصم شیراز، ارشاد میدانی اور شاہد آفریدی نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ایم سی ایل 2025ء کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مختلف فیصلے کیے گئے۔فیصلہ کیا گیا کہ ایم سی ایل میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کے کپتان اپنی ٹیموں کے پندرہ پندرہ کھلاڑیوں کے نام، دستخط شدہ فہرست، مقررہ پرفارمہ اور رولز کی تصدیق شدہ کاپی 7 اکتوبر کی شام 8 بجے تک پریس کلب کے کیئر ٹیکر شیراز علی شاہ کے پاس جمع کرائیں۔اگر کسی کھلاڑی کا نام ایک سے زائد ٹیموں میں شامل ہوا تو سپورٹس کمیٹی براہِ راست اس کھلاڑی سے رابطہ کرے گی اور اسے اس کی خواہش کے مطابق کسی ایک ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ٹورنامنٹ کے بہتر انتظامات کے لیے 12 رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جبکہ اس سال 16 ٹیموں کو ایم سی ایل میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔کھلاڑیوں کو میدان میں لانے کی ذمہ داری متعلقہ ٹیم کے کپتان پر ہوگی۔مزید یہ بھی طے پایا کہ ایم سی ایل میں صرف پشاور پریس کلب اور خیبر یونین آف جرنلسٹس کے فل ممبران ہی حصہ لے سکیں گے۔ڈرا میں طے شدہ شیڈول میچز میں تبدیلی نہیں کی جائے گی، البتہ بارش یا خراب موسم کی صورت میں میچ ری شیڈول کیا جائے گا۔پریس کلب کے تمام اراکین کو موقع دینے کے لیے فیصلہ کیا گیا کہ جو ممبران کسی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں مگر کھیلنے کے خواہشمند ہیں، وہ بھی اپنے کوائف 7 اکتوبر شام 8 بجے تک کیئر ٹیکر شیراز علی شاہ کے پاس جمع کرائیں۔انہیں سپورٹس کمیٹی کی مشاورت سے مختلف ٹیموں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔آخر میں سپورٹس کمیٹی نے تمام کپتانوں سے اپیل کی کہ وہ مقررہ وقت پر کھلاڑیوں کے نام جمع کرائیں تاکہ ٹورنامنٹ کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا سکے۔
![]()