
امجد ہادی یوسفزئی
انسانی سمگلنگ جیسے حساس اور سنگین موضوع پر مبنی پشتو ڈرامہ سیریل "خاپونہ” کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔ اس سیریل کی ہدایت کاری اور پروڈکشن معروف ڈائریکٹر و پروڈیوسر اشفاق طورو نے کی ہے، جبکہ اس کا اسکرپٹ محمد اظہار بوبی اور فیروز خان زیگر نے تحریر کیا ہے۔
چالیس اقساط پر مشتمل اس سیریل کی مشترکہ پروڈکشن سیون کلرز پروڈکشن انٹرنیشنل، مائیکرو سکرین انٹرنیشنل اور واہ برادرز نے کی ہے۔ "خاپونہ” کی کہانی انسانی سمگلنگ کے پس منظر میں جنم لینے والے سماجی، اخلاقی اور انسانی مسائل کو اجاگر کرتی ہے۔
ڈرامے کی تدوین صاحبزادہ نے کی ہے جبکہ میک اپ رمضیہ غزل اور ملبوسات فرح جی شاہ نے تیار کیے ہیں۔ سیریل میں طارق جمال، اظہار بوبی، خالد خٹک، حمید شہزاد، قاضی عارف، نیک خان، شیر خان، منجی سنگھ، گویندر سنگھ، وقاص عباس، ضیاء بوبی، اضمام بوبی، اویس شاہ، بریگیٹ لی، ہویو گارسیا، ہینری رومیرو، اینڈریو مارٹینر، فلیو گارسیا، کی میک فرلینڈ، احد لودھی، شیوانگی، سعید شینا، حاجی فضل رازق، رقیہ، شکیبہ افغان، سلام سواتی، شاہ رخ، زمان بغدادی، سجاد علی، ریحانہ مکین، سلمان خان، حمزہ نوشہروی اور ایم کے شیرازی شامل ہیں۔
ڈائریکٹر اشفاق طورو کے مطابق "خاپونہ” کا مقصد عوام میں انسانی سمگلنگ کے حوالے سے شعور بیدار کرنا اور اس خطرناک جرم کے معاشرے پر پڑنے والے اثرات کو نمایاں کرنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ سیریل ملکی اور بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق اور سماجی آگاہی کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ "خاپونہ” امریکا میں عکس بند کی جانے والی پہلی پشتو ڈرامہ سیریل ہے، جس کی شوٹنگ نیویارک، میری لینڈ اور فلاڈیلفیا میں کی گئی ہے، جو اس کہانی کے بین الاقوامی پہلو کو مزید مضبوط بناتی ہے۔
![]()