
پاکستان پیپلز پارٹی نے پشاور میں آئندہ لوکل گورنمنٹ الیکشن کی بھرپور تیاریوں کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پارٹی 130 نیبرہوڈ کونسلز (NCs) سے اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی، اور اس بار پارٹی کے پرانے، سینیئر اور نظریاتی کارکنوں کو آگے لایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی پشاور ڈویژن کے صدر مصباح الدین نے پشاور پریس کلب میں پیپلز پارٹی پشاور سٹی میٹروپولیٹن کی نو منتخب کابینہ کے صدر حاجی عمر خطاب اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مصباح الدین نے کہا کہ پارٹی کی اعلیٰ اور صوبائی قیادت سے طویل مشاورت کے بعد پشاور سٹی کے تمام حلقوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سٹی میٹروپولیٹن کی کابینہ تشکیل دی گئی ہے، جس میں پارٹی کے پرانے اور تجربہ کار جیالوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 15 سال سے پشاور سٹی میں سینیئر نائب کے طور پر خدمات انجام دینے والے حاجی عمر خطاب کو متفقہ طور پر پیپلز پارٹی پشاور سٹی میٹروپولیٹن کا صدر منتخب کیا گیا ہے، جبکہ نو منتخب کابینہ نے انتخاب کے فوراً بعد پیپلز سیکریٹریٹ میں حلف بھی اٹھا لیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کے پرانے کارکنوں کو اب نظر انداز نہیں کیا جائے گا بلکہ ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے تنظیمی سطح پر آگے لایا جائے گا، اور پشاور کی ہر نیبرہوڈ کونسل میں پاکستان پیپلز پارٹی کی تنظیم سازی مکمل کی جائے گی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما سید ایوب شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جس نے جمہوریت کی بقا کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو سے لے کر آج تک پارٹی کی تاریخ جمہوری جدوجہد اور شہادتوں سے بھری پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دہشت گردی، بدامنی اور مہنگائی کے شکار پاکستان کو جس سیاسی جماعت کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، وہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔
پارٹی کی ناراض قیادت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سید ایوب شاہ نے کہا کہ اختلافات جمہوریت کا حسن ہوتے ہیں، اور پارٹی کے ناراض رہنما جن میں ذوالفقار افغانی اور دیگر شامل ہیں، انہیں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی کی صوبائی قیادت ہی منائے گی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پشاور سٹی میٹروپولیٹن کے صدر حاجی عمر خطاب نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جو ذمہ داری سونپی گئی ہے وہ اس پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ لوکل گورنمنٹ الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی 130 نیبرہوڈ کونسلز سے اپنے امیدوار کھڑے کرے گی، جن میں پارٹی کے پرانے اور نظریاتی جیالے شامل ہوں گے۔
حاجی عمر خطاب نے مزید بتایا کہ مختلف سیاسی جماعتیں، جن میں پاکستان تحریک انصاف، عوامی نیشنل پارٹی، مسلم لیگ (ن)، جمعیت علمائے اسلام اور جماعت اسلامی شامل ہیں، لوکل گورنمنٹ الیکشن کے حوالے سے پیپلز پارٹی سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پشاور میں بلدیاتی انتخابات جیت کر دکھائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر پشاور کے ایک شادی ہال میں تقریب منعقد کی جائے گی، جبکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر گورنر ہاؤس پشاور میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، جس کے مہمانِ خصوصی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔
آخر میں حاجی عمر خطاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا سب سے بڑا سرمایہ اس کے کارکن ہیں، اور پارٹی اپنے سینیئر اور پرانے جیالوں کو ساتھ لے کر ہی شہید بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھائے گی۔
![]()