
صوبے میں حکمرانی کا واحد ایجنڈا ایک قیدی کی رہائی بن چکا ہے، سابق وزیراعلی مہتاب عباسی
پشاور: سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے چیئرمین شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں رول آف لا کی حکمرانی ناگزیر ہے اور ایک فرد واحد کی خواہشات پر ملک نہیں چل سکتا۔ پشاور ڈسٹرکٹ کابینہ اور کارکنان سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کسی مسئلے کا حل نہیں، تمام سیاسی قیادت کو مل بیٹھ کر عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانی ہوگی۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت شدید سیاسی قیادت کے فقدان کا شکار ہے جبکہ بدامنی اور عوامی بے چینی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ 27ویں آئینی ترمیم پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ترمیم عوامی رائے کے بغیر منظور کی گئی جو آئین کی روح کے خلاف ہے۔ حکمران اس ترمیم کو اپنے تحفظ اور عوام پر دباؤ بڑھانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “اگر خیبر پختونخوا میں امن خراب ہوا تو اس کے اثرات پورے پاکستان پر پڑیں گے، اس لیے صوبے کے امن و امان پر خصوصی توجہ ضروری ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “میں واٹس ایپ کے حکم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس میں استعمال کیے گئے الفاظ مایوس کن ہیں، اداروں کو سیاست سے دور رہنا چاہیے۔”

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں 30 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جبکہ بنیادی سہولیات ناپید اور مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ حکمران اقتدار بچانے میں مصروف ہیں اور عوام کی تکلیفوں سے بے خبر دکھائی دیتے ہیں۔
سردار مہتاب احمد خان عباسی کی گفتگو
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور عوام پاکستان پارٹی کے سینئر رہنما سردار مہتاب احمد خان عباسی نے کہا کہ صوبے میں حکمرانی کا واحد ایجنڈا ایک قیدی کی رہائی بن چکا ہے، جبکہ تعلیم، صحت، قبائلی اضلاع اور امن و امان جیسے سنگین مسائل نظرانداز کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی نظریاتی تربیت متاثر ہو رہی ہے، اسکولوں میں بچے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور بری گورننس و کرپشن نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا:
“سیاسی جماعتوں کو برداشت کا رویہ اپنانا ہوگا، ملک کو آگے لے جانے کے لیے نئی سوچ اور ایماندار قیادت کی ضرورت ہے۔ پاکستان آئی ایم ایف کی رپورٹس کے مطابق خطرناک معاشی دور سے گزر رہا ہے، لیکن حکمران صرف اقتدار کے کھیل میں مصروف ہیں۔”
گل رخ بخاری اور فہد امین کے بیانات
عوام پاکستان پارٹی کی سینیئر رہنما گل رخ بخاری نے کہا کہ خیبر پختونخوا ہمیشہ امن، ترقی اور قربانیوں کی سرزمین رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی پشاور سمیت پورے صوبے میں عوام کی آواز بنے گی اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے لیے ہمیشہ کھڑی رہے گی۔
پارٹی کے سینیئر رہنما فہد امین نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی ایک نچلی سطح کی جمہوری جماعت ہے جو کرپٹ حکمرانوں کے خلاف عوام کو متحد کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ “وہ وقت دور نہیں جب شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں عوام کی حکمرانی ایوانوں میں قائم ہوگی۔”
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی عوامی تعاون کے ساتھ ملک کی ترقی اور شفاف سیاست کے لیے ہر ممکن قربانی دے گی۔
![]()