
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے پیر کے روز ڈائریکٹر جنرل محکمہ اطلاعات محمد عمران کے ہمراہ روزنامہ ڈان کے پشاور دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے روزنامہ ڈان کے سینئر صحافی اسماعیل خان سے ملاقات کی، جس میں صحافی برادری کو درپیش مسائل، ان کے حل اور صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت امن کے قیام کو اپنی ترجیحات میں سب سے اوپر رکھتی ہے اور اس مقصد کے لیے مؤثر اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا امن جرگہ حکومت کی امن پسندی اور سنجیدہ کوششوں کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت صحافی برادری کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ شفیع جان کا کہنا تھا کہ میڈیا صوبے کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور حکومت اس کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
![]()