
امریکی گلوکارہ میگھن ٹرینر نے اپنے حالیہ وزن میں 27 کلو کمی کے بعد ہونے والی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی کی بہترین صحت میں ہیں اور خود کو پہلے سے زیادہ مضبوط محسوس کرتی ہیں۔
سالہ گریمی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ مارچ سے سوشل میڈیا پر بحث کا مرکز بنی ہوئی ہیں، جب انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے 60 پاؤنڈ (27 کلو) وزن Mounjaro نامی GLP-1 انجیکشن کی مدد سے کم کیا۔ ٹرینر کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ انہوں نے اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کے بعد صحت بہتر بنانے کے لیے کیا، اور اس دوران انہوں نے ایک ڈائٹیشن، ٹرینر اور صحت مند طرزِ زندگی کو بھی اپنایا۔
تاہم، وزن کم کرنے کے باوجود جہاں مداح اُن کی حمایت کر رہے ہیں، وہیں کچھ لوگ اُن کی نئی دِکھاوٹ پر سخت تنقید بھی کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے میگھن ٹرینر نے انٹرٹینمنٹ ٹونائٹ سے گفتگو میں کہا:”دنیا پہلے سے زیادہ تلخ ہو چکی ہے۔ میں پہلی بار بچوں کی پیدائش کے بعد اپنی صحت کا بہترین خیال رکھ رہی ہوں، میں شاندار محسوس کر رہی ہوں اور زبردست لگ رہی ہوں — اور اسی وقت لوگ مجھے نشانہ بنا رہے ہیں؟ میں حیران ہوں۔”انہوں نے کہا کہ وزن کم کرنے سے پہلے بھی انہیں باڈی شیمنگ کا سامنا رہا، اس لیے اب بھی جیتنا تقریباً ناممکن ہے۔”میں اپنی صحت کا خیال رکھ رہی ہوں، مگر پھر بھی لوگوں کو مسئلہ ہے۔ تو میں کیا کروں؟ مجھے سیکھنا ہے کہ ان باتوں سے خود کو متاثر نہ ہونے دوں۔”
ٹرینر نے بتایا کہ ان کا نیا سنگل "Still Don’t Care” اور جلد ریلیز ہونے والا البم Toy with Me اُن ناقدین کے لیے پیغام ہے جو اُن پر انگلیاں اٹھاتے ہیں۔”میرے ساتھ الجھنے کی کوشش کرو، میں مضبوط ہوں اور مقابلہ کرنا جانتی ہوں۔”
گلوکارہ نے مزید بتایا کہ منفی تبصروں کی وجہ سے وہ بعض اوقات رو بھی پڑتی تھیں، لیکن اُن کے شوہر ڈیرل سبارا ہمیشہ انہیں حوصلہ دیتے ہیں۔”اگر میں رو رہی ہوں یا خود کا موازنہ کسی سے کر رہی ہوں تو وہ کہتے ہیں، ‘اوپر دیکھو… تمہاری زندگی بہترین ہے۔’ اور وہ مجھے یاد دلاتے ہیں کہ دوسروں کے پاس وہ نہیں ہے جو میرے پاس ہے — میرا خاندان، میرے بچے۔”
میگھن ٹرینر نے حال ہی میں پیپل میگزین سے گفتگو میں بھی تسلیم کیا کہ ان کے سوشل میڈیا پیجز، جو ہمیشہ خوشگوار اور مثبت رہتے ہیں، اچانک منفی تبصروں سے بھر گئے۔”لوگ کہنے لگے کہ میں بہت دبلی ہو گئی ہوں، وہ مجھے پہچان نہیں پا رہے۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ میں اپنی صحت پر بھرپور توجہ دے رہی تھی اور پہلے سے بہتر محسوس کر رہی تھی۔”انہوں نے کہا کہ وہ اس صورتحال سے اُداس ضرور ہوئیں، مگر بالآخر انہوں نے اپنی موسیقی کے ذریعے اپنی طاقت واپس حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ "Still Don’t Care” جیسے گانے انہیں دوبارہ خود پر اعتماد دیتے ہیں۔
![]()