خیال مت شاہ آفریدی

باڑہ پریس کلب میں آل کے پی کے پی ایم ایس ایسوسی ایشن کے کور کمیٹی ممبران اور رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ جنگی اور غیر یقینی حالات کے پیش نظر خیبر پختونخوا میں ہونے والے پی ایم ایس امتحانات فی الفور مؤخر کیے جائیں۔ رہنماؤں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ سکریننگ امتحان کے مارکس دوبارہ 40 فیصد پر بحال کیے جائیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کور کمیٹی کے ممبران غلام نبی آزاد، سمبل، ملک افنان اعوان، یاسر احمد اور سہیل نے کہا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی خدشات اور ہنگامی صورتحال کے باعث طلبہ کے لیے امتحانات کی تیاری ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متفقہ قرارداد کے تحت پی ایم ایس امتحانات کو کم از کم چار ماہ کے لیے ملتوی کیا جائے تاکہ امیدوار بہتر تیاری کرسکیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پہلے بھی وعدہ کیا تھا کہ پی ایم ایس امتحانات میں تاخیر کے ساتھ ساتھ سکریننگ امتحان کے 40 مارکس کی بحالی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہمارا مطالبہ بالکل جائز اور اصولی ہے، لہٰذا وزیر اعلیٰ اپنے صوابدیدی اختیارات استعمال کرتے ہوئے اس معاملے کا فوری نوٹس لیں۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سکریننگ امتحان میں کم از کم 20 ایم سی کیوز مکمل طور پر غلط تھے، جس کے باعث 11 ہزار سے زائد طلباء متاثر ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیشن کی غلطی کی سزا طلبہ کو نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں ہزاروں امیدوار شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، اور اگر حکومت نے تاخیر سے فیصلہ کیا تو یہ طلبہ کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہوگا۔

آخر میں رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی ان کے جائز مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے جلد از جلد پی ایم ایس امتحانات کے انعقاد سے متعلق مناسب فیصلہ کریں گے۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے