
اٹلی (انٹرنیشنل ڈیسک) — معاون خصوصی وزارت اوورسیز برائے اٹلی اکرام الدین نے وانا کیڈٹ کالج پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواجِ پاکستان اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف سیکیورٹی فورسز کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کو اس جنگ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، کیونکہ پاکستان ہم سب کا وطن ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کا قومی فریضہ اور اہم ذمہ داری ہے۔اکرام الدین نے کہا کہ ملک میں روز بروز دہشتگردی اور انتہاپسندی میں اضافہ تشویشناک اور قابلِ افسوس ہے۔ اداروں کو امن و امان کی فراہمی میں مزید فعال کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ عوام میں اعتماد بحال ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت اختلافات کا نہیں بلکہ اتحاد و یکجہتی کا وقت ہے، کیونکہ سیاسی اختلافات سے دشمن قوتیں فائدہ اٹھا رہی ہیں جو ملک اور قوم کے مفاد کے خلاف ہے۔آخر میں اکرام الدین نے وانا کیڈٹ کالج پر حملہ آور دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر افواجِ پاکستان اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
![]()