

سوات (نمائندہ خصوصی ) سوات کی تحصیل مٹہ کے علاقے شکردرہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی سینئر نائب صدر ممتاز علی خان کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا۔ پولیس کے مطابق راستے میں بارودی مواد نصب کیا گیا تھا جس کے پھٹنے سے گاڑی کو معمولی نقصان پہنچا، تاہم ممتاز علی خان محفوظ رہے۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئیں۔
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے اس دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ فعل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوات کے عوام نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں، مگر بدقسمتی سے آج ایک بار پھر خوف و دہشت کے سائے منڈلا رہے ہیں۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ ممتاز علی خان اور ان کا خاندان پہلے ہی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں جانی نقصان برداشت کر چکا ہے۔ یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گرد امن، برداشت اور جمہوریت کی آوازوں کو خاموش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایسے بزدلانہ ہتھکنڈے عوامی نیشنل پارٹی کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ اے این پی کا مؤقف روزِ اول سے واضح ہے کہ دہشت گرد کسی ایک مسلک یا گروہ کے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔ایمل ولی خان نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی جامع تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ عوامی نیشنل پارٹی ممتاز علی خان اور ان کے خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور قیامِ امن کی جدوجہد جاری رکھے گی۔
![]()