
تبیلیسی ( محمد مبین سے) جارجیا کی وزارتِ داخلہ اور ترکی کی وزارتِ دفاع کے مطابق، 11 نومبر کو آذربائیجان سے اڑان بھرنے والا ترک فوج کا ایک C-130 کارگو طیارہ جارجیا میں حادثے کا شکار ہو گیا۔
وزارتِ داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ "ایک ترک فوجی طیارہ سگناگی میونسپلٹی میں جارجیا کی سرحد سے تقریباً پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر گر کر تباہ ہوا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق طیارہ آذربائیجان سے ترکی جا رہا تھا۔”
جارجیا کی حکومت نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز فوجداری ضابطہ کی دفعہ 275، حصہ 4 کے تحت کیا ہے، جو ہوائی نقل و حمل کی حفاظت یا آپریشن کے قواعد کی ایسی خلاف ورزی سے متعلق ہے جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہو۔
ترکی کی وزارتِ دفاع نے بھی طیارے کے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ "یہ ایک C-130 فوجی کارگو طیارہ تھا۔ آذربائیجان اور جارجیا کے حکام کے ساتھ مل کر تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔”
جارجیا کے سرکاری حامی ٹی وی چینل امیڈی نے ایک ویڈیو نشر کی، جس میں ایک طیارہ تیزی سے نیچے آتا ہوا اور زمین سے ٹکرانے کے بعد دھوئیں کا بادل اٹھتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔جارجیا کی وزارتِ داخلہ نے کہا کہ "واقعے سے متعلق تفصیلی معلومات عوام کے ساتھ بتدریج شیئر کی جائیں گی۔”
دوسری جانب آذربائیجان کی وزارتِ خارجہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اپنے بیان میں کہا گیا کہ "ہم اس سانحے پر گہرے صدمے میں ہیں۔ ترک عوام اور مسلح افواج سے دلی تعزیت کرتے ہیں اور جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کے لیے صبر کی دعا کرتے ہیں۔ آذربائیجان ہمیشہ برادر ملک ترکی کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔”ابتدائی غیر مصدقہ رپورٹس کے مطابق طیارے میں 20 افراد سوار تھے۔ مزید تفصیلات سرکاری ذرائع سے موصول ہونے کے بعد فراہم کی جائیں گی۔
![]()