
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے وانا کیڈٹ کالج پر دہشت گردوں کے حملے اور اسلام آباد کچہری کے باہر ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے دونوں واقعات کو بزدلانہ اور انسانیت سوز کارروائیاں قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد کسی بھی صورت قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
اپنے ایک بیان میں معاون خصوصی نے کہا کہ تعلیمی درسگاہ کو نشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس اور بزدلانہ فعل ہے۔ دہشت گردوں کا مقصد قوم کے مستقبل کو خوفزدہ کرنا ہے، لیکن قوم متحد ہے اور دہشت گردوں کے عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی صوبے کے امن کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
شفیع جان نے کہا کہ کل صوبائی اسمبلی میں قیامِ امن کے لیے تاریخ کا سب سے بڑا امن جرگہ منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں، صحافیوں اور مختلف طبقات کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ دیرپا امن کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دیا جا سکے۔
اسلام آباد دھماکے کے حوالے سے اپنے مذمتی بیان میں معاون خصوصی نے کہا کہ کچہری کے باہر ہونے والا دھماکہ انتہائی افسوسناک اور بزدلانہ اقدام ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام سمیت کوئی بھی مذہب بے گناہ انسانوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔
شفیع جان نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لیے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
![]()