پشاور (پ ر) عوامی نیشنل پارٹی نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث پر اپنا اصولی، تاریخی اور جمہوری مؤقف ایک بار پھر واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک کثیرالقومی وفاق ہے، اس لیے نئے صوبوں کی تشکیل سیاسی مصلحت، انتخابی انجینئرنگ یا محض انتظامی تقسیم کی بنیاد پر نہیں ہونی چاہیے۔ پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے اپنے بیان میں کہا کہ انتظامی ناکامی کا حل صوبوں کی مزید تقسیم نہیں بلکہ ایک بااختیار، مستقل اور مضبوط بلدیاتی نظام کا قیام ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی ڈھانچہ تاریخی قومی اکائیوں کی نمائندگی کرتا ہے، اس لیے مصنوعی انتظامی بنیادوں یا لسانی لہجوں پر نئے صوبے بنانے کی کوششیں وفاق کو کمزور کرنے کے مترادف ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اے این پی کا دیرینہ مطالبہ ایک متحد پشتون صوبے کا قیام ہے، جو تمام مربوط پشتون اکثریتی علاقوں پر مشتمل ہو۔ یہ مطالبہ پشتون قوم کی تاریخی، ثقافتی اور لسانی وحدت اور وفاق میں منصفانہ نمائندگی کے اصول پر مبنی ہے۔

ایمل ولی خان نے واضح کیا کہ ہزارہ میں بولی جانے والی زبانوں اور ثقافتی تنوع کو تسلیم کرتے ہوئے بھی یہ حقیقت اپنی جگہ قائم ہے کہ صرف لسانی فرق کسی الگ قومی شناخت کی بنیاد نہیں بنتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی علاقے میں کوئی تاریخی قوم اپنی واضح، جمہوری اور اجتماعی خواہش کے ساتھ الگ صوبے کا مطالبہ کرے تو اے این پی اس حق کی حمایت کرے گی، تاہم سیاسی گروہ بندیوں، لسانی لہجوں یا انتظامی سہولت کے نام پر صوبے بنانا درست نہیں۔

سینیٹر ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ اگر حکومت کو کسی صوبے کے رقبے یا آبادی کے باعث انتظامی مسائل کا سامنا ہے تو آئین کے تحت نئی ڈویژنوں، اضلاع اور انتظامی یونٹس بنانے کا مکمل اختیار پہلے ہی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام صرف قوموں کی بنیاد پر ہونا چاہیے جبکہ نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی اور مضبوط بلدیاتی ڈھانچہ ہی مستقل حل ہے۔ ان کے مطابق ایک متحد پشتون صوبہ نہ صرف پشتون قوم کی صحیح نمائندگی کے لیے ضروری ہے بلکہ وفاق کے استحکام کے لیے بھی ناگزیر ہے۔

اے این پی کے مرکزی صدر نے کہا کہ پارٹی ایک ایسے مضبوط، جمہوری اور حقیقی وفاقی پاکستان کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی جہاں تمام اقوام کے حقوق محفوظ اور مساوی طریقے سے یقینی بنائے جائیں۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے