پشاور: کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے پیر کے روز ڈپٹی کمشنر آفس پشاور میں قائم سروس ڈیلوری سنٹر کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کا مقصد عوامی خدمات کی فراہمی، عملے کے رویّے اور سائلین کی مشکلات کا براہِ راست جائزہ لینا تھا۔

کمشنر نے سروس ڈیلوری سنٹر میں موجود سائلین سے فرد نمبر، انتقالات کی نقول اور زمین سے متعلق دیگر خدمات کی فراہمی کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ سائلین نے مجموعی طور پر دی جانے والی سہولیات اور عملے کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ریاض خان محسود نے بہترین سروس ڈیلوری پر عملے کو شاباش دی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بروقت اور معیاری خدمات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں بہترین کارکردگی دکھانے والوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

انہوں نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ خدمات کی فراہمی میں سست روی، غفلت یا بدتمیزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس حوالے سے تمام متعلقہ اہلکاروں کو سخت تنبیہ بھی کی گئی کہ شکایات کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کمشنر نے بعض خدمات کے طریقہ کار میں معمولی بہتری اور تبدیلیوں کے لیے بھی احکامات دیے تاکہ عوام کو زیادہ آسانی اور تیزی کے ساتھ سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اچانک دوروں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا تاکہ سروس ڈیلوری نظام مزید بہتر بنایا جا سکے۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے