فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، NI (M)، HJ، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کو آج جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں تینوں مسلح افواج کی جانب سے شاندار گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ یہ اعزاز چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز (COAS & CDF) کے نئے قائم کردہ عہدے کی مناسبت سے پیش کیا گیا۔

تقریب میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف NI، NI(M)، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو NI (M)، HJ اور تینوں سروسز کے سینئر عسکری افسران نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز رسمی معائنہ اور گارڈ آف آنر کی پیشکش سے ہوا۔

اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستانی قوم کی غیر معمولی جرات، استقامت اور جذبۂ حب الوطنی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے خصوصاً مارکۂ حق کے دوران پاک افواج کے جانباز افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملٹی ڈومین آپریشنز اب مستقبل کی جنگی حکمتِ عملی کے لیے نصابی اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔

چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ شہداء پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے تینوں افواج کے درمیان مربوط انضمام، ہم آہنگی اور مشترکہ حکمتِ عملی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید جنگ کا دائرہ اب سائبر اسپیس، الیکٹرو میگنیٹک اسپیکٹرم، آؤٹر اسپیس، انفارمیشن آپریشنز، آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور کوانٹم کمپیوٹنگ تک پھیل چکا ہے۔

انہوں نے نئے قائم کردہ CDF ہیڈکوارٹر کو تاریخی پیش رفت قرار دیا، جو مستقبل کے خطرات کے تناظر میں باہمی ربط، ہم آہنگی اور مؤثر دفاعی تیاریوں میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔

اپنے اختتامی کلمات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس وژن پر زور دیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ایک جدید، ہمہ وقت تیار اور دفاعی صلاحیت رکھنے والی قوت کے طور پر ملک کا وقار بلند رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

تقریب کے اختتام پر پاک فضائیہ اور پاک بحریہ نے مارکۂ حق کے ہیروز کو ان کی بہادری اور خدمات کے اعتراف میں خصوصی انعامات پیش کیے۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے