
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے پولیس کو جدید سکیورٹی ساز و سامان اور بلٹ پروف گاڑیاں حوالے کرنے کی تقریب میں شرکت کی۔ یہ تقریب پولیس لائنز پشاور میں منعقد ہوئی، جس میں چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
تقریب میں صوبائی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا پولیس کو جدید ترین سکیورٹی آلات، گاڑیاں اور اسلحہ فراہم کیا گیا۔ فراہم کردہ سامان میں بلٹ پروف گاڑیاں اور بکتر بند وہیکلز، ڈرون کیمرے، اینٹی ڈرون گنز و سسٹمز، تھرمل کیمرے، تھرمل ویپن سائٹس، تھرمل بائنوکلرز، جیمرز، بلٹ پروف جیکٹس، بیلسٹک ہیلمٹس، سنائپر رائفلز، ڈریگونوف، ایم-16، سب مشین گنز، ہیوی مشین گنز، بلٹ پروف ہیولز، رِیوو اور سائیڈ آرمَرنگ شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ محمد سہیل خان آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس موجودہ حالات میں بہادری اور ثابت قدمی سے اپنے فرائض انجام دے رہی ہے اور یہ پوری قوم کی جانب سے خراجِ تحسین کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، فوج، ایف سی اور دیگر فورسز نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دیں، جن میں ہزاروں اہلکار 80 ہزار شہداء میں شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کا مقصد خیبر پختونخوا پولیس کو ایک ناقابلِ تسخیر فورس کے طور پر مضبوط بنانا ہے اور پولیس کو مزید اسلحہ اور جدید آلات بھی فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ "2018 سے 2022 تک صوبہ امن کا گہوارہ رہا، اور ہم یہ عزم رکھتے ہیں کہ امن کو دوبارہ بحال بھی کریں گے اور برقرار بھی رکھیں گے۔ پائیدار امن اسی وقت ممکن ہے جب تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مربوط پالیسی تشکیل دی جائے۔”
![]()