

نوشہرہ میں محکمہ ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول نے کامیاب کارروائی کے دوران منشیات سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران گاڑی نمبر ADG 981 سے بھاری مقدار میں ایک لاکھ آٹھ سو گرام چرس برآمد کی گئی، جس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
یہ کارروائی سیکریٹری ایکسائز خالد الیاس اور ڈائریکٹر جنرل عبدالحلیم خان کے خصوصی احکامات کے تحت انجینئر عید بادشاہ ایڈیشنل ڈی جی ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول کی قیادت میں عمل میں لائی گئی۔ صوبے بھر میں منشیات فروشوں، ڈیلروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ایکسائز کی جانب سے کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول توصیف خان، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر ماجد خان (کاؤنٹر نارکوٹکس آپریشنز) اور سرکل آفیسر ناصر اقبال خان کی زیرِ نگرانی، شکیل خان ایس ایچ او تھانہ ایکسائز مردان ریجن، لال گل خان انچارج چوکی عجب باغ اور انسپکٹر اجمل خان لودھی نے دیگر اہلکاروں کے ہمراہ نوشہرہ کے علاقے عجب باغ چیک پوسٹ پر کارروائی کی۔
دورانِ تلاشی مشکوک گاڑی کو روکا گیا تو ملزمان نے مزاحمت اور فرار کی کوشش کی، تاہم ایکسائز ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاڑی کو قابو میں کرلیا۔ گاڑی کے خفیہ خانوں سے بھاری مقدار میں چرس برآمد کر لی گئی۔
ترجمان محکمہ ایکسائز کے مطابق، برآمد شدہ منشیات اور گاڑی کو تحویل میں لے کر تھانہ ایکسائز مردان ریجن میں مقدمہ درج کر دیا گیا ہے، جبکہ ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
محکمہ ایکسائز نے واضح کیا ہے کہ منشیات کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے صوبے بھر میں کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں، اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں رہنے دیا جائے گا۔
![]()