

پشاور (نمائندہ خیبرنامہ) سیکرٹری فوڈ خیبرپختونخوا شاہ محمود اور ڈائریکٹر فوڈ محسن اقبال کی ہدایات پر فوڈ ڈیپارٹمنٹ پشاور کی ٹیم نے راشننگ کنٹرولر پشاور کی زیر نگرانی لیڈی ریڈنگ اسپتال (LRH) کی کینٹین پر کارروائی کی۔
یہ کارروائی سوشل میڈیا پر شکایات موصول ہونے کے بعد کی گئی، جن میں بتایا گیا تھا کہ اسپتال کی کینٹین میں زائد نرخوں پر اشیائے خوردونوش فروخت کی جا رہی ہیں۔ معائنہ کے دوران ٹیم کو معلوم ہوا کہ کینٹین میں چائے فی کپ 70 روپے میں فروخت کی جا رہی تھی، جبکہ صفائی کی صورتحال نہایت ناقص تھی۔
فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے عملے نے موقع پر کینٹین انتظامیہ کو نوٹس جاری کیا اور مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس اسٹیشن کو مراسلہ ارسال کیا۔
راشننگ کنٹرولر پشاور نے واضح کیا کہ عوام سے زائد قیمت وصول کرنے یا ناقص اشیائے خوردونوش کی فراہمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ سیفٹی کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے مزید کڑی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔
![]()