

خیبر (نمائندہ خصوصی) – ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ خیبر نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی 60,000 گرام چرس برآمد کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق، سعود خان گنڈاپور پراوینشل انچارج ایکسائز انٹیلیجنس بیورو کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ گاڑی نمبر LE 7773 (آلٹو) میں بھاری مقدار میں منشیات سمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اطلاع کو مصدقہ جانتے ہوئے انہوں نے ماجد خان، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (کاؤنٹر نارکوٹکس آپریشنز) کے ساتھ مشاورت کے بعد لائحہ عمل تیار کیا۔
اس مقصد کے لیے سب انسپکٹر شیر شاہ خان، اسسٹنٹ سب انسپکٹر ملک نیاز علی اور EIB-V بنعہ دیگر نفری پر مشتمل ٹیم کو الرٹ کر کے تختہ بیگ چیک پوسٹ پر تعینات کیا گیا۔ دوران کارروائی اطلاع کے مطابق مذکورہ گاڑی کو روکا گیا اور تلاشی کے دوران 60,000 گرام چرس برآمد کر لی گئی۔
مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ایکسائز ضلع خیبر میں شیراز خان ایس ایچ او کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایکسائز حکام کے مطابق صوبہ بھر میں منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔
![]()