
خیبر تدریسی ہسپتال میں صحت کارڈ کے ذریعے علاج کی سہولیات معطل کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال انتظامیہ کی نااہلی اور عدم ادائیگی کے باعث صحت کارڈ سروسز فراہم کرنے والی نجی فرم نے اپنی خدمات روک دی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ نے متعدد ماہ سے کمپنی کو واجب الادا رقوم ادا نہیں کیں، جس کے نتیجے میں فرم نے مزید خدمات جاری رکھنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد صحت کارڈ کے ذریعے علاج کرانے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اس حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ تاہم، اندرونی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ معاملہ صرف فنڈز کی کمی کا نہیں بلکہ انتظامی نااہلی اور غیر ذمہ دارانہ رویے کا بھی نتیجہ ہے۔
صحت کارڈ سروسز کے معطل ہونے سے عام شہری متاثر ہو رہے ہیں جو علاج معالجے کے لیے اس سہولت پر انحصار کرتے ہیں۔ عوامی حلقوں نے حکومتِ خیبر پختونخوا اور اسپتال انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری اقدامات اٹھا کر صحت کارڈ سروسز بحال کریں تاکہ مریضوں کو بروقت علاج کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
![]()