پشاور (انٹرویو ہینل: مدثر زیب + عبدالصمد) — آل سینٹس چرچ کوہاٹی گیٹ پشاور کے پادری اور چرچ آف پاکستان گیلری کے نائب صدر شہزاد مراد نے موجودہ بشپ آف پشاور ہمفری سرفراز پیٹر کے خلاف کھل کر میدان میں آتے ہوئے ان پر کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور چرچ کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

پادری شہزاد مراد نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ موجودہ بشپ آف پشاور اپنی مدت پوری کرچکے ہیں، لیکن وہ پندرہ سالوں سے سیٹ پر قابض ہیں اور تین مرتبہ ایکسٹینشن لے چکے ہیں۔ اب وہ چوتھی بار دوبارہ عہدے پر رہنے کے لیے راہیں ہموار کر رہے ہیں اور ڈایوسز آف پشاور کے انتخابات کرانے سے انکاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 26 جنوری 2026 کو بشپ ہمفری سرفراز پیٹر کی ریٹائرمنٹ ہونی ہے، تاہم وہ اپنے مخصوص ذرائع استعمال کرکے الیکشن ملتوی کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ “اگر یہی شخص بار بار سیٹ پر آتا رہا تو دوسروں کو موقع نہیں ملے گا۔ ہماری ینگ لیڈر شپ تیار ہے اور اسے آگے آنے کا حق دیا جانا چاہیے۔”

پادری شہزاد مراد نے بتایا کہ شفاف الیکشن اور ینگ جنریشن کو آگے لانے کے مطالبے کے حق میں گزشتہ دنوں چرچ میں پرامن مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کے دوران انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی رابطہ رکھا تاکہ کسی قسم کا تصادم نہ ہو۔ “ہم پرامن لوگ ہیں، لیکن حق کے لیے آواز بلند کرنا ہمارا فرض ہے۔”

انہوں نے کہا کہ موجودہ بشپ نے اپنے پندرہ سالہ دور میں چرچ اور اس کے ماتحت اداروں کی ترقی کے بجائے انہیں تنزلی کی طرف دھکیل دیا۔ “مشنری اسکولز، اسپتال اور دیگر فلاحی ادارے جو کبھی عوام کا اعتماد حاصل کیے ہوئے تھے، اب زوال پذیر ہیں۔ لوگ اب نجی چھوٹے اداروں کو ترجیح دیتے ہیں۔”

پادری شہزاد مراد نے الزام لگایا کہ بشپ ہمفری سرفراز پیٹر نے کرپشن اور اقرباپروری سے چرچ کے مالی اور انتظامی معاملات کو نقصان پہنچایا۔ “ایڈورڈز کالج، جو صوبے کی شان تھا، اب مسائل کا شکار ہے۔ مشن ہسپتال کی تعمیراتی منصوبے کرپشن اور بددیانتی کی نذر ہوگئے۔ ٹھیکیداروں کی بندربانٹ اور پیسے کی لوٹ مار کی وجہ سے منصوبے آج تک مکمل نہیں ہوسکے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ چرچ کی زمینیں اور دیگر جائیدادیں مشنری کاموں کے لیے مخصوص ہیں، لیکن انہیں تجارتی مفاد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ “قوم اب خاموش نہیں رہے گی۔ ہم کسی صورت انہیں مزید ایکسٹینشن نہیں لینے دیں گے۔”

انٹرویو کے اختتام پر پادری شہزاد مراد نے کہا کہ “ہم بشپ ہمفری سرفراز پیٹر کا احترام کرتے ہیں کیونکہ وہ ہمارے بزرگ ہیں، مگر ہم چاہتے ہیں کہ وہ عزت کے ساتھ خود رخصت ہو جائیں۔ بصورت دیگر قوم ان کے خلاف اٹھ کھڑی ہوگی۔”

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے