
خیبرپختونخوا پولیس میں اصلاحات اور تعمیری کاموں کا سلسلہ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے وژن کے تحت تیزی سے جاری ہے۔ اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی کے طور پر کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے ضلع خیبر اور پشاور کے سنگم پر واقع سیکرٹری پل پولیس پوسٹ کی ازسرِ نو تعمیر شدہ عمارت کا باقاعدہ افتتاح کیا۔سی سی پی او پشاور کی آمد پر ڈی پی او ضلع خیبر رائے مظہر اقبال نے پرتپاک استقبال کیا۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، جس کے بعد سی سی پی او نے پولیس پوسٹ کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں ایس پی انوسٹی گیشن ضلع خیبر روح الامین سمیت دیگر پولیس افسران بھی شریک تھے۔تقریب کے دوران ڈی پی او رائے مظہر اقبال نے پولیس پوسٹ کے محلِ وقوع، تعینات نفری، اور مجموعی سکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی تعمیر شدہ پولیس پوسٹ کی بدولت اہلکاروں کو بہتر رہائشی سہولیات میسر آئیں گی، عوامی احساسِ تحفظ میں اضافہ ہوگا، اور امن و امان کی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد نے عمارت، سکیورٹی انتظامات، اور پولیس اہلکاروں کی رہائش کا تفصیلی جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت کی کہ وہ ہمہ وقت الرٹ رہیں اور سکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنائیں۔افتتاحی تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر میاں سعید احمد نے پولیس پوسٹ کے احاطے میں پودا لگا کر ماحولیاتی بہتری کا پیغام دیا اور ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی، اور امن و استحکام کے لیے اجتماعی دعا کی۔
![]()