
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک سخت بیان میں کہا ہے کہ بھارت میں بہار اور مغربی بنگال کے انتخابات کے دوران بھارتی فوجی قیادت ایک بار پھر فریب کاری، من گھڑت بیانیے اور اشتعال انگیز پروپیگنڈے میں مصروف ہے — بالکل اسی طرح جیسے وہ ہر ریاستی انتخاب سے قبل عوام کو گمراہ کرنے کے لیے کرتی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق، ایک جوہری طاقت کے حامل ملک کی عسکری قیادت کا سیاسی دباؤ میں آکر غیر ذمہ دارانہ بیانات دینا انتہائی افسوسناک اور خطرناک ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ “بھارتی فوج اور اس کی قیادت اپنے ہی جھوٹ اور تضادات میں الجھ چکی ہے، جس سے ان کی ساکھ عالمی سطح پر تضحیک کا باعث بن رہی ہے۔”ترجمان نے مزید کہا کہ بھارتی فوجی قیادت "بالی ووڈ طرز کے جعلی اسکرپٹس” گھڑ کر تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن دنیا اب جان چکی ہے کہ بھارت ہی سرحد پار دہشت گردی اور علاقائی عدم استحکام کا اصل منبع ہے۔آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہیں۔بیان میں خبردار کیا گیا کہ "کسی بھی قسم کی بھارتی جارحیت کا فوری، مؤثر اور شدید جواب دیا جائے گا — ایسا جواب جو تاریخ یاد رکھے گی۔”
![]()