پشاور: سیکٹر کمانڈر آئی ایس پی آر بریگیڈیر اصف جہانگیر راجہ نے کہا ہے کہ پشاور کے صحافی گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی جیسے مشکل حالات کے باوجود بہادری کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں اور معاشرے کے مظلوم طبقات کی آواز بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے صحافیوں نے ہمیشہ حق اور سچ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور کبھی بھی اپنے فرائض سے پیچھے نہیں ہٹے۔
وہ پشاور پریس کلب میں منعقدہ رمضان سپورٹس گالا کی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انہیں پشاور پریس کلب کے صحافیوں کے درمیان آ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے کیونکہ یہ وہ صحافی ہیں جو بم دھماکوں اور دہشت گردی کے ماحول میں بھی دن رات عوام کی آواز بلند کرتے رہے ہیں۔
بریگیڈیر اصف جہانگیر راجہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اور صحافیوں نے ہمیشہ مشکلات کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے۔ ایک طرف خطے میں ایران اور افغانستان کی سرحدوں پر کشیدگی پائی جاتی ہے جبکہ دوسری جانب یہاں کے لوگوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔
تقریب کے دوران پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض اور سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین کاشف الدین سید نے بریگیڈیر اصف جہانگیر راجہ کو پریس کلب کی جانب سے یادگاری شیلڈ اور سپورٹس گالا کی کٹ بھی پیش کی۔
اس موقع پر بریگیڈیر اصف جہانگیر راجہ کا کہنا تھا کہ آئی ایس پی آر کی جانب سے صوبے بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو سپانسر کیا جا رہا ہے کیونکہ کھیل نوجوانوں اور معاشرے میں مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر ریاست کا ایک اہم ادارہ ہے جو صحافیوں کے ساتھ مل کر قومی مفاد کے لیے کام کر رہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض نے کہا کہ پشاور پریس کلب دنیا کا وہ واحد پریس کلب ہے جس پر خودکش حملہ کیا گیا، لیکن اس کے باوجود یہاں کے صحافیوں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی صحافتی ذمہ داریوں کو پوری جرات کے ساتھ نبھاتے رہے۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے