
محکمہ لائیو اسٹاک فارمز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے دودھ اور دہی کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز پیش کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایسوسی ایشن نے قیمتوں میں اضافہ کرنے کے لیے باقاعدہ طور پر ڈپٹی کمشنر پشاور کو درخواست جمع کرائی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ موجودہ نرخ کم ہیں اور ان میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔دوسری جانب اہلیان پشاور نے اس تجویز کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کی چکی میں پس رہے ہیں، ایسے میں روزمرہ استعمال کی اشیاء خصوصاً دودھ اور دہی کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی کے مترادف ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پشاور میں پہلے ہی غیر معیاری اور کیمیکل ملا دودھ مہنگے داموں فروخت ہو رہا ہے اور انتظامیہ کی جانب سے اس پر کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی۔ شہریوں نے ڈی سی پشاور اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دودھ اور دہی کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہ کیا جائے اور ایسوسی ایشن کی درخواست کو مسترد کیا جائے تاکہ عوامی مشکلات میں مزید اضافہ نہ ہو۔
![]()