
آل میونسپل ورکرز یونین رجسٹرڈ WSSP کے چیئرمین ریاض خان اور جنرل سیکرٹری عابد سہیل نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ روز ٹیوب ویل آپریٹر شاہ فہد پر پانی کے تنازعے کے باعث علاقے کے ایک شخص نے فائرنگ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔یونین رہنماؤں نے کہا کہ ملازمین کی زندگی کے تحفظ میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس واقعے کے خلاف آج بمورخہ 15 اکتوبر 2025 کو کوہاٹی واٹر سپلائی آفس کے سامنے سرکلر روڈ پر آل میونسپل ورکرز یونین اور یونائیٹڈ میونسپل ورکرز یونین CBA نے مشترکہ طور پر علامتی احتجاجی مظاہرہ کیا، جس کے دوران ٹریفک بھی معطل رہی۔مظاہرین نے WSSP انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ یونین رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ واقعے میں ملوث شخص کے والد سول سیکرٹریٹ پشاور میں سرکاری افسر ہیں، جو پولیس پر دباؤ ڈال کر مقدمہ کمزور بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر زخمی آپریٹر شاہ فہد کو انصاف نہ ملا تو احتجاج کا دائرہ پشاور شہر بھر میں پھیلا دیا جائے گا اور ممکنہ طور پر ہڑتال کی کال دی جائے گی۔ اس تمام صورتحال کی ذمہ داری محکمہ پولیس کے افسران، خصوصاً SHO گلبہار اور WSSP منیجمنٹ پر عائد ہوگی۔دونوں یونینز نے WSSP انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ زخمی آپریٹر کے علاج معالجے کے لیے بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، جبکہ آئی جی پی اور سی سی پی او پشاور سے اپیل کی کہ مجرم کو قانون کے مطابق سزا دی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔
![]()