وفاقی حکومت کو غیر جمہوری مداخلت سے گریز کا انتباہ — "باجوڑ سے وزیرستان تک قبائل سراپا احتجاج ہوں گے

باڑہ (نمائندہ خیال مت شاہ آفریدی)تحصیل باڑہ کے مختلف قبائل، اکاخیل، ملک دؤن خیل، زخہ خیل، سپاہ، برقمبر خیل، کمرخیل اور شلوبر کے عمائدین نے علیحدہ علیحدہ پریس کانفرنسز میں نامزد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔عمائدین نے وفاقی حکومت اور ریاستی اداروں کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس قبائلی فیصلے کی غیر جمہوری انداز میں مخالفت کی گئی تو باجوڑ سے وزیرستان تک تمام قبائل احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔تفصیلات کے مطابق قبیلہ اکاخیل کے چیف ملک حاجی ظاہر شاہ، زخہ خیل کے ضیاءالدین، سپاہ کے حاجی گل مرجان، افتخار عباد گل، برقمبر خیل کے حاجی شوکت، حاجی نظیر، قاری عبدالرحمان، حاجی گلاب، ریاض آفریدی، کمرخیل اور شلوبر قبیلے کے مشران نے سہیل آفریدی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔عمائدین نے کہا کہ تحریک انصاف نے پہلی بار سابق فاٹا سے کسی قبائلی رہنما کو وزارتِ اعلیٰ کے لیے نامزد کر کے قبائل کے دل جیت لیے ہیں۔ان کے مطابق سہیل آفریدی ایک نڈر، ایماندار اور عوام دوست شخصیت ہیں جو قبائلی اضلاع کی محرومیوں کے ازالے میں تاریخی کردار ادا کریں گے۔ملک ظاہر شاہ نے کہا کہ عمران خان نے جیل کی صعوبتوں کے باوجود قبائلی عوام پر اعتماد کر کے تاریخ رقم کی ہے۔زخہ خیل اور سپاہ قبائل کے مشران نے واضح کیا کہ سہیل آفریدی کی مخالفت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ 77 سال بعد کسی قبائلی شخصیت کا وزیراعلیٰ کے لیے نام آنا قبائل کی قربانیوں کا اعتراف ہے۔عمائدین نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے حالیہ بیان کو "اشتعال انگیز اور قبائل دشمنی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات قبائلی عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں۔آخر میں تمام قبائل کے نمائندوں نے اعلان کیا کہ اگر سہیل آفریدی کی نامزدگی کے خلاف کوئی غیر جمہوری قدم اٹھایا گیا تو تمام قبائل باجوڑ سے وزیرستان تک متحد ہو کر احتجاجی تحریک شروع کریں گے، اور اس کے تمام تر نتائج کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہوگی۔
![]()