جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر عبدالواسع نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینیوں کے لیے امداد لے جانے والی گلوبل فلوٹیلا صمود پر اسرائیلی جارحیت کے دوران قید میں جانے والے جماعت اسلامی کے رہنما سابق سینیٹر مشتاق احمد بروز جمعرات پشاور پہنچیں گے۔

پشاور پریس کلب میں صوبائی جنرل سیکرٹری صابر حسین اعوان اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالواسع نے کہا کہ

“اسرائیل کی سفاکانہ جارحیت سے 70 ہزار سے زائد فلسطینی شہید، لاکھوں بے گھر اور ہزاروں بچے شہادت پا چکے ہیں — یہ انسانی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے۔”

انہوں نے کہا کہ دو ملین فلسطینیوں کو زبردستی بے دخل کیا گیا اور ان کے گھروں پر بمباری کی گئی، جب کہ امریکہ نے نہ صرف اس ظلم کی پشت پناہی کی بلکہ اب "امن کے نام پر 20 نکاتی فارمولا” پیش کر کے فلسطین پر قبضے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔

عبدالواسع نے واضح کیا کہ

“جو مسلم ممالک اس امریکی فارمولے کو قبول کر رہے ہیں، وہ دراصل فلسطین کے حقِ خودارادیت کے خلاف جا رہے ہیں۔”

انہوں نے حماس کی مزاحمت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ

“حماس نے قربانی، ایمان اور استقامت کی وہ مثال قائم کی ہے جس پر پوری امت کو فخر ہے۔”

"او آئی سی مردہ تنظیم بن چکی ہے”

عبدالواسع نے او آئی سی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ اب صرف قراردادوں تک محدود ہو چکا ہے، اس نے عملی اقدامات کرنے کی صلاحیت کھو دی ہے۔

"اسرائیل کو تسلیم کرنا قوم کے جذبات سے غداری ہوگی”

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی غلطی کی،

“تو پاکستانی قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ پاکستان کو قائداعظم کے واضح مؤقف پر ڈٹے رہنا چاہیے۔”

الخدمت کا کردار

عبدالواسع نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے جنگِ غزہ کے دوران 7 ارب 90 کروڑ روپے کی امداد فلسطینیوں تک پہنچائی ہے، جس میں خوراک، ادویات، دودھ اور تعلیمی امداد شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی طلبہ کو ترکی اور دیگر ممالک میں اسکالرشپس پر تعلیم دی جا رہی ہے تاکہ وہ مستقبل میں مضبوط فلسطین کی بنیاد رکھ سکیں۔

غزہ مارچ کا اعلان

عبدالواسع نے اعلان کیا کہ جنگ کے دو سال مکمل ہونے پر 12 اکتوبر کو رِنگ روڈ پشاور پر غزہ مارچ کا انعقاد کیا جائے گا، جس کی قیادت حافظ نعیم الرحمن کریں گے۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے