
پشاور میں پختونخوا قومی جرگہ کے ڈپٹی آرگنائزر سید غلام رضا نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس لوڈشیڈنگ مکمل طور پر ختم کی جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
پشاور میں جاری اپنے بیان میں سید غلام رضا کا کہنا تھا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں سحری اور افطار کے اوقات انتہائی اہم ہوتے ہیں، ایسے میں گیس کی بندش عوام کے لیے شدید مشکلات کا باعث بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو صارفین خصوصاً خواتین کو کھانا تیار کرنے میں دشواری پیش آتی ہے، جس سے روزمرہ معمولات متاثر ہوتے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر مؤثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے کم از کم سحری اور افطار کے اوقات میں گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان میں بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
سید غلام رضا نے خبردار کیا کہ اگر عوامی مسائل حل نہ کیے گئے تو متعلقہ فورمز پر بھرپور آواز اٹھائی جائے گی تاکہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
![]()