
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے سینئر صحافی اور سابق صدر پشاور پریس کلب ارشد عزیز ملک نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور آئینی و مالی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گورنر نے چشمہ لفٹ کینال منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ جنوبی خیبرپختونخوا کی لاکھوں ایکڑ غیر آباد زمین کو قابلِ کاشت بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوگا، جس سے نہ صرف زرعی معیشت مضبوط ہوگی بلکہ کسانوں کے معاشی حالات بھی بہتر ہوں گے۔
چکدرہ، دیر اور چترال روڈ منصوبے پر بھی گفتگو ہوئی۔ گورنر نے کہا کہ یہ اہم شاہراہ دیر اور چترال کے عوام کے لیے سفری سہولیات میں بہتری، سیاحت کے فروغ اور مقامی تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کا سبب بنے گی، جس سے خطے کی معاشی ترقی تیز ہوگی۔
ارشد عزیز ملک نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال، صحافتی ماحول اور عام شہریوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس پر گورنر نے کہا کہ دیرپا امن اور استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام ادارے اس مقصد کے لیے مربوط حکمتِ عملی کے تحت کام کر رہے ہیں.
ملاقات میں صوبائی مالیاتی حقوق، این ایف سی ایوارڈ اور صوبے کے حصے سے متعلق معاملات بھی زیرِ غور آئے۔ گورنر نے واضح کیا کہ وفاق کے ساتھ مالی معاملات کے حل اور صوبے کے جائز حقوق کے حصول کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔
اس موقع پر ارشد عزیز ملک نے اپنی کتاب گورنر خیبرپختونخوا کو بطور تحفہ پیش کی۔ گورنر نے سینئر صحافی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافت جمہوری معاشرے کی مضبوطی کا بنیادی ستون ہے اور ارشد عزیز ملک کا کردار قابلِ تحسین ہے۔
![]()