
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا محتسب برائے خواتین کے دفتر کا دورہ کیا۔ محتسب رباب مہدی نے گورنر کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے ریجنل ہیڈ مشتاق جدون بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دورے کے دوران گورنر خیبرپختونخوا کو خاتون محتسب رباب مہدی کی جانب سے ادارے کے اغراض و مقاصد اور کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ادارہ خواتین کو ہراساں کرنے، جائیداد سے متعلق تنازعات اور دیگر سماجی مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ خواتین کی سہولت کے لیے آن لائن شکایات کے اندراج اور ان کے فوری ازالے کا جدید میکنزم بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے شکایات کا تیز رفتار اور شفاف حل ممکن بنایا گیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خواتین محتسب دفتر کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کے معاشرتی مسائل کے ازالے کے لیے اس ادارے کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر آگاہی مہم چلانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خواتین معاشرے میں مساوی حقوق اور عزت و احترام کی حقدار ہیں، اور خاتون محتسب کا دفتر خواتین کے اعتماد کا ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے جہاں وہ بلا خوف و جھجک اپنی شکایات پیش کر سکتی ہیں۔
![]()