پشاور ( مدثر زیب) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن (خیبرپختونخوا زون) کے نمائندہ وفد نے چیئرمین پرویز خان خٹک کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں فضل مقیم خان، منہاج خان محسود، محمد لقمان شاہ، قاضی امجد علی، بادشاہ وزیر، ملک محمد نیاز اور دیگر اراکین شامل تھے۔ملاقات میں صوبے میں سی این جی سیکٹر کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے گورنر کو گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس (GIDC) کی ادائیگیوں کے باوجود صنعت کو درپیش مشکلات، این ایچ اے سے وابستہ مسائل، گیس ٹیرف میں کمی اور موسمِ سرما میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔وفد کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا گیس پیدا کرنے والا سب سے بڑا صوبہ ہے، اس لیے یہاں کے سی این جی سیکٹر کو سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔ وفد نے ایل پی جی کو خطرناک اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس کے استعمال کی روک تھام کے لیے فوری کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ حکومت صوبے میں توانائی کے تمام شعبوں کی ترقی اور ماحول دوست ایندھن کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی این جی ایک سستی اور ماحول دوست توانائی کا ذریعہ ہے، جس کے فروغ سے عوام کو ریلیف ملے گا۔گورنر نے وفد کو یقین دلایا کہ وفاقی سطح پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کر کے سی این جی صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
![]()