محکمہ تعلیم کے پاس جا جا کر تھک چکے ہیں، ہمارا حق ہمیں دیا جائے،صوبائی صدر ذوالفقار احمد
پشاور(مدثر زیب سے) ایس ایس ٹی اساتذہ نے اپ گریڈیشن اور دیگر مطالبات کے لئے پشاور کی سڑکوں پر نکلنے کا عندیہ دے ڈالا۔ اس حوالے سے ایس ایس ٹی ویلفیئر ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی صدر ذوالفقار احمد، صوبائی چیئرمین اکرام باچہ، صوبائی جنرل سیکرٹری فرہاد علی ٹکر اور سینکڑوں کی تعداد میں ایس ایس ٹی اساتذہ نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر ذوالفقار احمد نے کہا کہ ایس ایس ٹی اساتذہ1991ء سے اپ گریڈیشن سے محروم ہیں جبکہ ہماری پروموشن میں غیر ضروری تاخیرکی جا رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ہم نے ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا، ہائی کورٹ نے ایس ا یس ٹی اساتذہ کی پروموشن اور اپ گریڈیشن کیلئے 2017 ء میں فیصلہ دیا، بعدازاں یہی مطالبات 2017 ء میں صوبائی اسمبلی نے قرارداد منظورکی لیکن عملدرآمد نہ ہوسکا، انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہم نے عملدرآمد کیلئے دوبارہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا ، ہائیکورٹ نے سیکرٹری کو عملدرآمد کرانے کی ڈائریکشن دی لیکن اس پر بھی تاحال عمل نہ ہو سکا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیگر عہدیداروں نے کہا کہ پورے ملک میں وفاق سے سندھ تک ایس ایس ٹی اساتذہ کا گریڈ17 ہے، ماسوئے خیبرپختونخوا کے، یہاں پر بی پی ایس 16 دیا جا رہا ہے۔ ذوالفقار احمد نے کہا کہ اب صوبہ بھر کے 22000 میل فی میل اساتذہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر حکومت نے ہمیں حق نہ دیا تو 2 اپریل سے ہم پشاور کی سڑکوں پر پوری قوت کے ساتھ دھرنا دیں گے اور مطالبات منظور ہونے تک ہماری تحریک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ایس ایس ٹی اساتذہ نے 2015 ء سے تحریک شروع کر رکھی ہے، 3 اساتذہ بھی اسی تحریک میں شہید ہو چکے، پشاور کی سڑکوں پر دھرنے بھی دیئے، مظاہرے کئے، ہم پر ایف آئی آرز درج ہوئیںلیکن ہمارے مطالبات تاحال زیر التواء ہیں،انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور صوبائی وزیر ارشد ایوب سے مطالبہ کیا کہ ایس ایس ٹی اساتذہ کو گریڈ 17 میں پروموٹ کیا جائے اور ہمارے دیگر مطالبات پورے کئے جائیں۔
![]()