
عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین کی صدارت میں باچا خان مرکز پشاور میں اے این پی ضلع پشاور اور اے این پی میٹرو پولیٹن پشاور کے ذمہ داران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی ترجمان ارسلان خان ناظم، صدر اے این پی ضلع پشاور ارباب محمد طاہر خان، صدر اے این پی میٹرو پولیٹن پشاور ارباب راشد ثمین سمیت تنظیمی عہدیداران نے شرکت کی۔اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال، تنظیمی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ ضلع اور میٹرو پولیٹن پشاور کے صدور نے اپنی تنظیمی رپورٹس پیش کیں جنہیں تسلی بخش قرار دیا گیا۔میاں افتخار حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کی تنظیمیں پارٹی کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، ان کی مضبوطی سے پورے صوبے پر مثبت اثر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی، علاقائی اور عالمی حالات کے تناظر میں ضروری ہے کہ تنظیمی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور عوامی رابطوں کو مزید بڑھایا جائے۔اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ضلع اور میٹرو پولیٹن سطح پر باقاعدہ تنظیمی اجلاس بلائے جائیں گے، کارکنان کے لیے سرگرمیوں کا شیڈول ترتیب دیا جائے گا، جبکہ یونین کونسل، ویلج کونسل، تحصیل اور نیبرہُڈ سطح پر تنظیموں کو ازسرِنو فعال کیا جائے گا۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ پارٹی کی مضبوطی اجتماعی مشاورت، نظم و ضبط اور کارکنوں کی متحرک شمولیت سے ممکن ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اگر ضلعی تنظیموں کو کسی مرحلے پر تعاون درکار ہوا تو صوبائی کابینہ ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اے این پی نے ماضی میں بھی پشاور میں انتخابی کامیابیاں حاصل کی ہیں، اور اب وقت ہے کہ ہم ایک بار پھر منظم، متحد اور متحرک ہوکر میدان میں آئیں۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق دے کہ ہم باچا خان بابا کا پیغام گھر گھر تک پہنچا سکیں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے عملی اقدامات کر سکیں۔
![]()