

ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان محمد یوسف کریم کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ ولی خان نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میرانشاہ کا اچانک اور تفصیلی معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران 16 ڈاکٹر ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے، جس پر متعلقہ ڈاکٹروں کے خلاف محکمانہ کارروائی اور 7 دن کی تنخواہ ضبط کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق طویل عرصے سے عوام کی جانب سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ ہسپتال کے ڈاکٹر اوقاتِ کار کی پابندی نہیں کرتے، جس کے باعث مریضوں بالخصوص بزرگوں، خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان نے واضح کیا کہ عوامی خدمت اور نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کے مراکز عوامی اعتماد کی علامت ہیں، اور اس اعتماد کو ٹھیس پہنچانے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی تاکہ عوام کو بہتر اور بروقت علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
![]()