لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور (ایل آر ایچ) میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے الگ وارڈ قائم کر دیا گیا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق اس وقت ایل آر ایچ میں صرف پانچ مریض زیرِ علاج ہیں، جبکہ اب تک مجموعی طور پر تقریباً 30 مریض داخل کیے جا چکے ہیں جن میں سے بیشتر کو صحت یاب ہونے پر ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
ایسوسی ایٹ ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق برکی نے ڈینگی کی صورتحال پر ایل آر ایچ کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کا خصوصی دورہ کیا اور وہاں علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر طارق برکی کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے تمام سہولیات بلا تعطل فراہم کی جا رہی ہیں۔ترجمان ایل آر ایچ محمد عاصم کے مطابق ہر ڈینگی مریض کو داخل کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی، تاہم جن مریضوں کے پلیٹلٹس کی تعداد کم ہو، ان کے لیے داخلہ اور خون کی فراہمی ہسپتال میں بالکل مفت فراہم کی جاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایل آر ایچ ایمرجنسی میں ڈینگی کی تشخیص اور علاج میں کوئی رکاوٹ نہیں، اور اگر کسی مریض یا لواحقین کو رہنمائی درکار ہو تو وہ ایمرجنسی منیجر آفس نمبر 43 سے 24 گھنٹے مدد حاصل کر سکتے ہیں۔
![]()