تیراہ کے افسوسناک سانحے پر تعزیت، شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور لواحقین سے دلی ہمدردی
نمائندہ ضلع خیبر محمد اسلام
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وادی تیراہ کے علاقے اکاخیل شاڈلے میں حالیہ افسوسناک سانحے پر تعزیت کے لیے چیف آف اکاخیل ملک ظاہر شاہ، ملک زارباد خان اور ملک عطاء اللہ کے رہائش گاہ کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے سانحے کے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا۔اس موقع پر اُنہوں نے سانحے کو انتہائی دلخراش قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اُن کا کہنا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور قبائلی عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔دورے کے دوران وزیر اعلیٰ کے ہمراہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ، کمشنر پشاور ریاض محسود، ڈپٹی کمشنر خیبر، ڈی پی او ضلع خیبر سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، جبکہ منتخب عوامی نمائندے ایم این اے اقبال آفریدی اور ایم پی اے عبدالعنی آفریدی بھی وفد کا حصہ تھے۔قبائلی عمائدین کی بڑی تعداد بھی موقع پر موجود تھی جن میں حاجی خیال زمان، حاجی گل غفور، حاجی عجب خان، ملک اکبر، ملک اول زار خان، الفاروق رئیل اسٹیٹ اینڈ مارکیٹنگ کے اونر محمد فاروق آفریدی اور آفریدی اقوام کے سرکردہ رہنما مولانا حضرت خان شامل تھے۔ سب نے سانحہ پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا۔باڑہ سیاسی اتحاد کے نمائندے ہاشم خان اور حاجی شیرین نے علاقے کی مجموعی صورتحال اور عوامی مشکلات پر روشنی ڈالی اور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر قبائلی مشران کی ملاقات آئی جی ایف سی نارتھ اور کور کمانڈر پشاور سے کروائی جائے تاکہ مسائل کا حل یقینی بنایا جا سکے۔واضح رہے کہ وادی تیراہ اکاخیل کے علاقے شاڈلے میں حالیہ دنوں میں پیش آنے والے واقعے نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے اور مقامی عمائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور غفلت برتنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
![]()