گزشتہ سال 1کروڑ 24 لاکھ لوگ سوات سیاحت کیلئے آئے،سربراہ کارپوریٹ اینڈ ریگولیٹری افیئرز سیمسنز گروپ کا پشاور پریس کلب کے پروگرام ”میٹ دی پریس“ میں اظہار خیال

پشاور(مدثرزیب سے)پاکستان کی معیشت میں خیبرپختونخوا کی سیاحت کا بہت بڑا کردار ہے۔ 2025 میں 1کروڑ 24 لاکھ لوگ سوات کے مختلف علاقوں کی سیاحت کیلئے آئے جن میں 9 ہزار سے زائد سیاح بیرون ملک سے بھی شامل تھے۔ان خیالات کا اظہار سیمسنز گروپ آف کمپنیز کے سربراہ محمد آصف جاوید چوہدری نے پشاور پریس کلب میں ”میٹ دی پریس“سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ خیبر پختونخوا کو دنیا کے سامنے “ٹیررازم نہیں بلکہ ٹورازم” کی حیثیت سے پیش کریں، اس کوشش میں ہم کسی حد تک کامیاب رہے ہیں کیونکہ گزشتہ سال 2025ء میں دنیا بھر سے نو ہزار سے زائد سیاح سوات کی خوبصورتی اور مالم جبہ و دیگر پرفضا مقامات کی سیر کیلئے پاکستان آئے۔ ہماری کوشش رہی ہے کہ صوبے کو دنیا کے سامنے سیاحت کے لیے پیش کریں جس سے ملک کو ریونیو حاصل ہو۔محمد آصف جاوید چوہدری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ٹورازم کے فروغ کیلئے کام کرنا صوبے اور ملک کیلئے خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے مالم جبہ میں بین الاقوامی سطح کا ہوٹل بنایا اور ایڈونچر سپورٹس کا ٹرینڈ متعارف کروایا۔ شروع سے ہی ہمارا مقصد اور کوشش رہی ہے کہ یہاں کے لوگ اپنی استطاعت کے مطابق ان سہولیات کا فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ سیمسنز گروپ کے پاس سڑکوں سے برف کو ہٹانے کیلئے جدید مشینری اور صحت سے متعلق بین الاقوامی سطح کی سہولت موجود ہے۔صحافیوں کے سوالات کے جوابات میں محمد آصف جاوید چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے تباہ حال سوات اور مالم جبہ و دیگر مقامات کو محنت اور کوشش سے دنیا کے سامنے ٹورازم کے لیے پیش کیا ہے۔ 9 ہزار سیاحوں کی آمد ایک بڑی تعداد ہے کیونکہ اس کے لیے دیگر ممالک سے سیاحت کے لیے آنے والوں کو این او سی اور دیگر لوازمات پورے کرنے پڑتے ہیں، ہمارا مقصد ہے کہ مقامی آبادی کو ٹورازم کے شعبے میں روزگار فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ سیمسنز گروپ نے سوات، مالم جبہ کی خوبصورتی کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی قسم کا کوئی درخت نہیں کاٹا، نہ ہی کسی مقام کو چھیڑا گیا جہاں بھی درختوں کا ذخیرہ آیا ہم نے اپنا ڈیزائن ہی بدل ڈالا تاکہ قدرتی حسن خراب نہ ہو پائے اور سوات آنے والے سیاح قدرتی حسن سے لطف اندوز ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیمسنز گروپ کے زیراہتمام سیاحوں کی تکالیف کے پیش نظر ایمرجنسی ریسکیو سروسز اور ڈاکٹرز کا انتظام بھی موجود ہے چونکہ ان علاقوں میں روزگار کے مواقع وافر نہیں لہٰذا انویسٹرز کو چاہئے کہ وہ آگے آئیں اور اس قدرتی حسن کو دنیا کے سامنے پیش کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔آصف جاوید چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سیاحت کے فروغ اور خیبرپختونخوا کی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لئے سڑکوں کی حالت بہتر بنائے، جبکہ صحت اور ٹورازم سے متعلق سہولیات بھی فراہم کی جائیں۔

Loading

Related Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *