
بنوں(نمائندہ خصوصی) گڈ گورننس روڈ میپ خیبر پختونخوا کے تحت ڈپٹی کمشنر بنوں محمد فہیم نے اللہ چوک بنوں میں قائم ماڈل فارم سروسز سینٹر کا دورہ کیا، جہاں فیسیلیٹیٹر ماڈل فارم سروسز سینٹر اور صدر مینیجمنٹ کمیٹی زوہیب خان نے عملے کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وزیر سب ڈویژن ڈاکٹر اشتیاق احمد بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر محمد فہیم نے سینٹر کی صفائی، ستھرائی، تزئین و آرائش اور مجموعی نظم و ضبط کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا آفس کی جانب سے جاری کردہ انڈیکیٹرز کی بروقت تکمیل اور فارمرز کو معیاری سروسز فراہم کرنا قابل تحسین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے مراکز کسانوں کی آسانی اور زرعی خدمات کی بہتری میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ریسرچ ڈیپارٹمنٹ کی سوائل سیمپلنگ لیبارٹری کا بھی معائنہ کیا اور کسانوں کو اپنی زمینوں کی بہتر تجزیئے کے لیے مٹی کے نمونے باقاعدگی سے بھجوانے کی ہدایات جاری کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مٹی کے تجزییے کے ذریعے زمین میں موجود مختلف عناصر کی کمی یا زیادتی کا درست اندازہ لگایا جا سکتا ہے جس سے فصل کی پیداوار میں نمایاں بہتری ممکن ہے۔
![]()