وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور میں منعقد ہونے والے جاب فیئر میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ، فیکلٹی اور مختلف اداروں کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہی کوششوں کے تحت صوبے کی مختلف یونیورسٹیوں میں جاب فیئرز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن کے ذریعے طلبہ کو روزگار کے حقیقی مواقع مل رہے ہیں جبکہ انڈسٹریز کو باصلاحیت اور تربیت یافتہ گریجویٹس میسر آرہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج خیبر پختونخوا کا نوجوان روزگار کا محتاج نہیں رہا بلکہ روزگار اب اس کا منتظر ہے۔ دو ہزار سے زائد طلبہ کا مختلف کمپنیوں کے ساتھ رجسٹر ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ صوبے میں تعلیم اور صنعت کے درمیان مضبوط رابطہ قائم ہو چکا ہے۔

انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ صوبائی حکومت ایک جامع انٹرن شپ پالیسی متعارف کر رہی ہے، جس سے نوجوانوں کو عملی میدان میں مضبوط بنیاد، بہتر تربیت اور اعتماد حاصل ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ صوبائی حقوق اور بدعنوانی کے خلاف اپنی آواز مضبوط کریں، کیونکہ بااختیار نوجوان ہی مضبوط مستقبل کی ضمانت ہیں۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ تعلیم، روزگار اور شفاف طرزِ حکمرانی وہ ستون ہیں جن پر صوبائی حکومت کا وژن قائم ہے، اور ان ہی بنیادوں پر ترقی کی سمت آگے بڑھا جا رہا ہے۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے