
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی جانب سے صوبے بھر میں مصالحہ جات کے نمونوں کی خصوصی 15 روزہ ٹیسٹنگ مہم مکمل کر لی گئی۔ مہم کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس میں حیران کن حقائق سامنے آئے ہیں۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق مہم کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع سے بڑے ہول سیلرز، گرائنڈنگ یونٹس اور پیکجنگ انڈسٹریز سے 82 نمونے حاصل کر کے جانچ کے لیے بھیجے گئے۔ٹیسٹ کے نتائج کے مطابق 75 فیصد نمونے معیاری جبکہ 25 فیصد غیر معیاری اور مضرِ صحت ثابت ہوئے۔نمونوں میں راکھ (Ash)، نمی، مصنوعی رنگ، افلاٹوکسِن، سالمونیلا، اسٹفیلوکوکس، ای کولائی اور خمیرو پھپھوندی (Yeast & Mold) سمیت کئی خطرناک اجزاء کی موجودگی کی جانچ کی گئی۔ترجمان کے مطابق غیر معیاری اور مضرِ صحت مصالحہ جات فروخت کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کر دیے گئے ہیں جبکہ تمام اسٹاک کو مارکیٹ سے فوری طور پر ہٹانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے کہا کہ صوبائی سطح پر پراونشل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری میں جدید آلات کی مدد سے مختلف خوردونوش اشیاء کی معیاری جانچ کا عمل مسلسل جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔🔸 مزید مہمات میں چائے، مصالحے، گھی، تیل اور دیگر مصنوعات کی بھی ٹیسٹنگ شامل ہوگی تاکہ عوام تک صرف خالص اور معیاری خوراک پہنچ سکے۔
![]()